ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مدھیہ پردیش میں کمل ناتھ کی ریورس سونگ؛ 2 بی جے پی اراکین اسمبلی نے دیا کمل ناتھ حکومت کے حق میں ووٹ؛ بی جے پی کو شدید جھٹکا

مدھیہ پردیش میں کمل ناتھ کی ریورس سونگ؛ 2 بی جے پی اراکین اسمبلی نے دیا کمل ناتھ حکومت کے حق میں ووٹ؛ بی جے پی کو شدید جھٹکا

Thu, 25 Jul 2019 10:24:51    S.O. News Service

بھوپال 25/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک میں جے ڈی ایس۔کانگریس کی سرکار گرنے کے بعد مدھیہ پردیش میں بھی ویسی ہی صورتحال ہونے کا خدشہ ظاہر کرنے والی بی جےپی کو بدھ کو اُس وقت زبردست جھٹکا لگا جب ریاستی اسمبلی میں کمل ناتھ سرکار کی طرف سے  پیش ایک بل پر ووٹنگ کے دوران بی جے پی کے دو ارکان اسمبلی نے نہ صرف سرکار کا ساتھ دیا بلکہ اُنہوں نے کانگریس میں شامل ہونے کا صاف اشارہ بھی دیا۔ بی جے پی اس بل کی مخالفت میں تھی اور اِن دو ارکان کو چھوڑ کر  اُس کے باقی سبھی ارکان اسمبلی بل پر ووٹنگ کے دوران  اسمبلی میں موجود تھے۔

بتایا گیا ہے کہ میہر اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی نارائن ترپاٹھی اور بیوہاری سے رکن اسمبلی شرد کول نے کمل ناتھ سرکار کے  بل کے حق میں ووٹنگ کی  جو  دونوں بی جے پی اراکین اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، انہوں  نے اسے اپنی گھر واپسی بتاتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کمل ناتھ حکومت کی حمایت اس لیے کی کیونکہ وہ اپنے اپنے اسمبلی حلقوں کی ترقی چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ اسمبلی میں بدھ کو ایک سزا قانون ترمیمی بل پیش کیا گیا جس پر بحث کے دوران بہوجن سماج پارٹی کے رکن اسمبلی سنجو کشواہا نے ووٹنگ کا مطالبہ کیا۔ اس دوران برسراقتدار طبقہ اور اپوزیشن کے اراکین میں جم کر بحث ہوئی۔ اسمبلی اسپیکر این پی پرجاپتی نے رکن اسمبلی کشواہا کے مطالبہ پر ووٹنگ کرائی تو بل کے حق میں 122 اراکین اسمبلی نے ووٹ کیا جس میں بی جے پی کے دو اراکین اسمبلی بھی تھے۔

غور طلب ہے کہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر گوپال بھارگو نے صبح ہی حکومت کو متنبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ انھیں اراکین اسمبلی کی خرید فروخت جیسے کاموں پر بھروسہ نہیں ہے، لیکن اوپر سے نمبر ایک اور نمبر دو کا حکم ہوا تو اس    کام میں اُنہیں  ایک دن بھی نہیں لگے گا۔

کانگریس کے میڈیا سیل کی صدر شوبھا اوجھا کا کہنا ہے کہ بی جے پی کو اب سمجھ لینا چاہیے کہ کانگریس حکومت کو گرانے کی منشا صرف خیالی پلاؤ ہے۔ سزا قانون ترمیمی بل پاس ہونے سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ کمل ناتھ حکومت کا قلعہ  کتنا مضبوط ہے۔ 

کل 230 اراکین والے اسمبلی میں کانگریس کے پاس 114 اراکین اسمبلی ہیں۔ اسے 4 آزاد، 2 بی ایس پی اور ایک ایس پی رکن اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔ اس طرح کانگریس کو کل 121 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔ دوسری طرف بی جے پی کے پاس 108 اراکین اسمبلی ہیں۔


Share: